27 جون، 2026، 1:21 PM

جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی، اقوام متحدہ امریکہ کے خلاف کاروائی کرے، ایرانی وزارت خارجہ کا ردعمل

جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی، اقوام متحدہ امریکہ کے خلاف کاروائی کرے، ایرانی وزارت خارجہ کا ردعمل

ایرانی وزارت خارجہ نے امریکی فضائی حملوں اور لبنان پر صہیونی حملے کو جنگ بندی کی مفاہمتی یادداشت اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ نے امریکہ کی جانب سے جنگ بندی کی مفاہمتی یادداشت کی کھلی خلاف ورزی پر شدید مذمت کرتے ہوئے ایک تفصیلی بیان جاری کیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق، جمعہ کی شام امریکی فوج نے ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں میں متعدد مقامات پر فضائی حملے کیے جن میں ساحلی نگرانی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ حملے اقوامِ متحدہ کے منشور کی دفعہ 2 کے بند 4 اور 18 جون کو طے پانے والی جنگ بندی کی مفاہمتی یادداشت کی پہلی شق کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اسی دوران صہیونی حکومت نے بھی امریکہ کے ساتھ ہم آہنگی کرتے ہوئے لبنان پر حملہ کیا، جو جنگ بندی معاہدے کی پہلی شق کی واضح خلاف ورزی ہے۔

وزارتِ خارجہ نے اقوامِ متحدہ کے منشور کی دفعہ 51 کے تحت ایران کے حقِ دفاع پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ ایرانی مسلح افواج کی جانب سے امریکی جارح قوتوں سے متعلق اہداف پر کی جانے والی دفاعی کارروائیاں اسی قانونی حق کے تحت انجام دی گئیں۔

بیان میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال کے تمام نتائج کی ذمہ داری امریکہ اور ان تمام فریقوں پر عائد ہوگی جو ایران کے خلاف امریکی جارحیت میں کسی بھی شکل میں شریک یا معاون ہوں۔

وزارتِ خارجہ نے خلیج فارس کے جنوبی ساحلی ممالک سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ حسنِ ہمسائیگی کے اصول اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی سرزمین یا سہولیات کو ایران کے خلاف کسی بھی جارحانہ کارروائی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔

بیان کے اختتام پر اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ امریکہ کی جانب سے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزیوں پر خاموش نہ رہیں اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں ادا کریں۔

News ID 1940023

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha